بنگلورو:18/ اگست(ایس او نیوز) شہر بنگلور سے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ تکمیل کی طرح رواں دواں ہے۔ اب تک روزانہ 340 عازمین پر مشتمل بارہ پروازیں کیمپے گوڈا انٹر نیشنل ایرپورٹ سے جدہ کے شاہ عبدالعزیز ایرپورٹ پہنچ چکی ہیں۔ یہاں سے پہنچنے والے عازمین حج مکہ مکرمہ کے گرین اور عزیزیہ زمروں میں آرام سے مقیم ہیں اور عمرہ کی ادائیگی کے بعد عبادات میں اپنا وقت صرف کررہے ہیں۔ بنگلور سے جانے والے عازمین نے بتایاکہ عزیزیہ زمرے میں انہیں جو عمارتیں الاٹ کی گئی ہیں وہاں پر فائیو اسٹار سے بھی بہتر سہولیات مہیا کرائی گئی ہیں۔ کثیر منزلہ عمارتوں میں کشادہ کمرے اور ہر کمرے میں صرف چار عازمین کی رہائش کا انتظام کیاگیا ہے۔ حکومت سعودی عرب کی طرف سے حج کمیٹیوں اور حج ٹور آپریٹرس پر یہ بین الاقوامی ضابطہ لاگو کیاگیاہے کہ ایک کمرہ میں چار سے زیادہ حاجی مقیم نہیں رہیں گے۔ اس پابندی کو سختی سے لاگو کرتے ہوئے مرکزی حج کمیٹی کی طرف سے عازمین حج کے قیام کیلئے گرین اور عزیزیہ زمرے میں جو عمارتیں حاصل کی گئی ہیں وہاں پر یہ خاص خیال رکھا گیا ہے کہ کمروں کی تعداد اتنی ہی ہو کہ ہر کمرہ میں چار عازمین مقیم رہ سکیں۔عازمین حج کی طبی دیکھ بھال کیلئے گرین زمرے پر مشتمل حرم شریف کے آس پاس اور عزیزیہ میں متعدد ہندوستانی ڈسپنسریاں قائم کی گئی ہیں۔ جہاں پر عازمین کی طبی جانچ اور ضروری ادویات کی فراہمی حسب معمول مفت کی جاتی ہیں۔ اب تک بنگلور سے روانہ ہونے والے عازمین کی تعداد4ہزار سے متجاوز ہوچکی ہے۔ اب تک بنگلور سے روانہ ہوچکے 13قافلوں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے کیلئے حج بھون اور ایرپورٹ پر قائم عارضی حج ٹرمینل میں وزیرشہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ اور حج مہمات کے چیف کوآرڈینیٹر رومان بیگ کی قیادت میں 475 رضاکار مسلسل مصروف ہیں۔ حج بھون اور حج ٹرمینل کے مختلف شعبوں میں یہ رضاکار عازمین حج کا استقبال ، لگیج ، قیام ، طعام ، طبی خدمات، غیر ملکی زر مبادلہ کی فراہمی ، ٹرانسپورٹیشن ، امیگریشن ، کسٹمز وغیرہ فراہم کررہے ہیں۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب بنگلور سے عازمین حج کا آخری قافلہ رخصت ہوگا، جس کے ساتھ ہی رواں سال کا حج کیمپ بھی مکمل ہوجائے گا۔